حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ماہ رمضان کی جیسی معنوی فضا میں، جمعرات کے روز، 1404 ہجری شمسی کا آغاز ہوا، زائرین اور مجاورین کی ایک بڑی تعداد نے حرم حضرت معصومہ (س) میں جمع ہو کر تحویل سال کی بابرکت تقریب میں شرکت کی۔
نوروز کی مناسبت سے آنے والے عقیدت مندوں نے اس مقدس اور نورانی مقام پر سال نو کا آغاز کیا، جہاں ان کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ اس سال، چونکہ نئے سال کا آغاز حضرت علی (ع) کی ضربت کے دن سے متصل تھا، اس لیے تقریب نے ایک خاص علوی رنگ اختیار کر لیا اور زائرین "یا علی" کی صدائیں بلند کرتے رہے۔
تحویل سال کی اس تقریب میں مختلف ثقافتی اور دینی پروگرام منعقد کیے گئے۔ مذہبی اسکالرز اور مقررین نے امیر المومنین حضرت علی (ع) کی حیاتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ قرآن کریم کی تلاوت، تواشیح، مناجات خوانی اور دعائے توسل نے حرم کو ایک روحانی فضا سے معطر کر دیا۔
نمازِ ظہر و عصر کی امامت آیت اللہ سید محمد سعیدی نے کی، جس کے بعد زائرین نے "یا مقلب القلوب و الابصار" جیسے دعائیہ کلمات کے ساتھ نئے سال کا استقبال کیا اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کے نوروزی خطاب کو توجہ سے سنا۔
اسی طرح، قم، کہک اور جعفریہ کے مختلف مذہبی مقامات، بالخصوص مسجد مقدس جمکران اور 40 سے زائد متبرک مقامات پر بھی زائرین کی بڑی تعداد موجود رہی، جہاں لوگوں نے امام عصر (عج) کے ظہور، دشمنوں کی نابودی، مریضوں کی شفا اور مشکلات کے حل کے لیے دعائیں کیں۔
آپ کا تبصرہ